جموں (آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے نزدیکی مانکوٹ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور ریاست میں تشدد کو بھڑکانے کیلئے مجاہدین کو اسلحہ بھیج رہا ہے تاکہ وہ اپنے داخلی مسائل سے توجہ ہٹا سکے۔ ریاستی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان کرنل آر کے پلٹا نے کہا ہے کہ گزشتہ رات کنٹرول لائن کے نزدیکی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈھر کے سیکٹر مانکوٹ میں فورسز اہلکاروں نے مجاہدین کی نقل وحرکت کی اطلاعات ملنے پر فائرنگ کی فائرنگ کا تبادلہ پندرہ منٹ تک جاری رہا اور مجاہدین فوج کو الرٹ دیکھ کر واپس سرحد پار چلے گئے ۔ اس طرح دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی صبح کے وقت علاقے میں فوج نے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔ سرحد پار دراندازی کے واقعات میں اضافے کے کوئی چانسز نہیں ہیں اور جموں وکشمیر میں صورتحال کافی حد تک بہتر ہوچکی ہے ۔