میٹرو منصوبے کو جنگلہ بس کہنے والے اپنی سیاسی موت مر چکے: شہباز شریف ‘ پنجاب روزگار بنک کے قیام کا اعلان

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہاولپور کا قائداعظم سولر انرجی پارک کا منصوبہ علاقہ میںملک کی تاریخ کی سب سے بڑی 200 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری لائیگا جس سے نہ صرف اس خطہ بلکہ پورے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا اور جنوبی پنجاب کے ساتھ ساتھ پورے علاقہ کی تقدیر بدل جائیگی۔ پہلے مرحلہ میں 1ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جائیگی جبکہ ابتدائی طور پر 31 مارچ 2014ءسے پہلے 100 میگا واٹ کی شمسی توانائی کی ترسیل شروع ہو جائے گی۔ وہ موضع نورسر ضلع بہاولپور میں قائداعظم سولر انرجی پارک کی جگہ کے معائنے اور بریفنگ کے بعد علاقہ کے عمائدین اور لوگوں کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے توانائی سیکٹر میں ناقص منصوبہ بندی کی۔ ایسے منصوبے شروع کئے گئے جن میں بد ترین کرپشن ہوئی اور ان منصوبوں سے حاصل ہونیوالی بجلی کی ترسیل کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا جو کہ مجرمانہ غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔ قائداعظم سولر انرجی منصوبے میں ملازمتوں کیلئے مقامی نوجوانوں کو ترجیح دی جائیگی۔ اس عظیم منصوبے کیلئے ملازمتیں سیاسی بنیادوں پر نہیں دی جائیں گی بلکہ سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے میرٹ کو ترجیح دیںگے۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیکر ثابت کردیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے دل سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تاریخ ساز عظیم منصوبے کی بدولت بہاولپور میں چین اور یورپ کے سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے۔ دریں اثنا وزیراعلی نے لودھراں میں 125 بستروں کے نئے تعمیر شدہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ انفارمیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے مختلف وارڈرز کا معائنہ کیا۔ آپریشن تھیٹر میں صفائی کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔ بعدازاں نیو سپورٹس سٹیڈیم لودھراں میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بہاولپور میں قائم کئے جانے والے قائداعظم سولر پارک سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ لاہور میں 30ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے میٹرو بس منصوبے کو جنگلا بس کہنے والے آج اپنی سیاسی موت مر چکے ہیں۔ پاکستان کے عوام نے مجھے اور نواز شریف کو پانچ سال کیلئے خدمت کرنے کا جو موقع دیا ہے ہم اس اعتماد پر آپ کی دن رات خدمت کرکے پورا اتریں گے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب کی کتاب ”اخوت کا سفر“ کی تقریب رونمائی سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے میں پنجاب روز گار بینک کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت بے روز گار نوجوانوں کو انتہائی آسان شرائط پر قرضے دئےے جائیں گے جن سے وہ کاروبار شروع کر کے اپنے خاندانوں کی خود کفالت کر سکیں گے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ میں دس ارب روپے موجود ہیں اوراس میں ہر سال دو ارب روپے کا اضافہ کیا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...