پی آئی اے نے واپڈا کو ہرا کر گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا

پی آئی اے نے واپڈا کو ہرا کر گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا

Oct 13, 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) نیشنل بینک گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پی آئی اے نے واپڈا کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنلٹی سٹروک پر شکست دے کر اپنا اعزاز برقرار رکھا۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ فاتح ٹیم کو پچاس ہزار رنرز اپ کو تیس جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو بیس ہزار روپے انعام دیا گیا۔ مقررہ وقت میں پی آئی اے کی جانب سے کاشف علی نے چار اور اظفر یعقوب نے ایک جبکہ واپڈا کے سہیل عباس نے دو شہباز ، علیم بلال، عثمان اور علیم بلال نے ایک ایک گول کیا۔ پنلٹی سٹروک پر پی آئی اے تین جبکہ واپڈا نے دو گول سکور کئے یوں پی آئی اے نے فائنل سات کے مقابلے آٹھ گول سے جیت کر ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرا ر رکھا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میںبھی آرمی نے نیوی کے خلاف پنلٹی سٹروک پر چار دو سے کامیابی حاصل کی۔ مقررہ وقت میں میچ دو دو گول سے برابر تھا۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر منظورالحسن نے نیشنل بینک گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں واپڈا کی شکست کا سبب فٹنس اور کھلاڑیوں کی انفرادی غلطیوں کو قرار دیا ہے۔ سابق اولمپئن منظور الحسن نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کےلئے جو فٹنس درکار ہوتی ہے ٹورنامنٹ کے دوران ان کھلاڑیوں میں نظر نہیں آئی، ہر شعبے میں کھلاڑیوں کی انفرادی غلطیاں بھی سامنے آئیں جن کے سبب کوئی بھی ٹیم کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی۔ پورا ٹورنامنٹ دیکھا ہے اور ہر ٹیم کی کارکردگی کا انفرادی جائزہ لیا۔ میرے تجربے کے مطابق ان نوجوانوں کو بہتر کھلاڑی بنانے کےلئے باقاعدہ طور پر تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ گراس روٹ پر ہاکی کے فروغ کےلئے فیڈریشن کے ساتھ ساتھ کلب کے عہدیداروں کو بھی کام کرنا ہوگا۔ یہ نئے آنے والے کھلاڑیوں کی نرسریاں ہیں اگر انکی مناسب طریقے سے دیکھ بھال نہ کی گئی تو بہت سا ٹیلنٹ ضائع ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے دوران اسلام آباد میں شروع ہونے والے تربیتی کیمپ کے لئے کچھ لڑکے منتحب کئے ہیں ان کھلاڑیوں پر اگر درست انداز میں محنت کی گئی تو وہ مستقبل میں قومی ٹیم کا اثاثہ ثابت ہونگے۔

مزیدخبریں