لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیراہتمام فیفا ڈے پر کھیلا جانے والے واحد میچ فلسطین ٹیم نے جیت لیا۔ پاکستان انڈر 23 ٹیم کو فلسطین کے ہاتھوں دو صفر سے مات ہوئی، میچ کے دونوں گول آخری تین منٹ میں ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا ڈے پر پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہونے والے میچ کی پہلے سے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی تھیں، میچ کو دیکھنے کے لیے پاکستانی اور فلسطین کے شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی جو نعرے بازی کر کے اپنی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا پہلا ہاف انتہائی دلچسپ رہا جس میں دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے یقینی مواقع ملے لیکن کوئی بھی کھلاڑی بال کو جال کی راہ دکھانے میں ناکام رہا۔ مہمان ٹیم کے فاروڈ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا لیکن پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں نے نے ان کے حملوں کو ناکام بنایا۔ دوسرے ہاف میں پاکستان کے منصور خان نے دو یقینی گول کرنے کے مواقعے ضائع کیے۔ میچ کے 90 ویں منٹ میں فلسطین ٹیم کی جانب سے مراد سعید نے پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں مہمان ٹیم کے عبداﷲ جابر نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو ڈبل کر دیا۔ اس کے فوری بعد میچ کا اختتام فلسطین کی دو صفر سے کامیابی پر ہوا۔ میچ کے بعد فلسطین ٹیم کے کوچ صاحب ٹی کے جندیا اور کپتان رمزے صالح نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں پاکستان ٹیم نے بھی اچھا کھیل پیش کیا۔ ہماری ٹیم کو سفر کی تھکاوٹ بھی تھی جس کی بنا پر پہلے ہاف میں وہ کھیل پیش نہ کر سکے جس کی توقع تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے یفیا ڈے کے حوالے سے ہونے والے میچ کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر پاکستان فٹبال ٹیم کے کوچ شملان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے فلسطین کے خلاف اچھا کھیل پیش کیا ہے ہمارے کھلاڑیوں نے پورے میچ میں اچھا کھیل پیش کیا آخری لمحات میں سست روی اپنائی جس کا مہمان ٹیم نے فائدہ اٹھاتے ہوئے دو گول سکور کیے۔ ٹیم کے کپتان محمد احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم انڈر 23 ہے جبکہ فلسطین کی ٹیم اے ایف سی چلینج کپ کی فاتح بھی ہے، اس کا پاکستان کے خلاف تجربہ زیادہ تھا اس کے باوجود ہمارے کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا۔