پاکستان میں مزید انٹرنیشنل فٹ بال میچوں کا انعقاد کرائیں گے: احمد یار لودھی

Oct 13, 2014

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان اور فلسطین کی ٹیموں کے درمیان فیفا ڈے پر کامیاب میچ کرایا گیا ہے ہم فلسطین ٹیم کی انتظامیہ اور فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھجوایا۔ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل میچوں کا انعقاد کرائیں، فیفا ڈے پر میچ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔ شائقین کی بڑی تعداد نے سٹیڈیم آ کر میچ کے انعقاد کو کامیاب بنایا ہے۔ پنجاب حکومت کے مشکور ہیں جنہوں نے مہمان ٹیم کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔ احمد یار لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل میچ ہونے سے غیر ملکی ٹیموں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا اور وہ بھی پاکستان کے دورہ پر آنا شروع ہو جائیں گی۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن ملک میں انٹرنیشنل فٹبال کی بحال کے لیے مزید کوششیں کر رہی ہے انشااﷲ قوم کو خوش خبری دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹبال لیگ جاری ہے جس میں نیا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے۔ ہماری کوشش تھی کہ فیفا ڈے پر فلسطین ٹیم پاکستان میں دو میچ کھیلتی لیکن وقت کی کمی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا ہے۔

مزیدخبریں