لاہور (آئی این پی) آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی بدترین پرفارمنس نے ورلڈکپ کی تیاریوں کی قلعی کھل گئی۔آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی کلین سویپ ہوگیا‘مینجمنٹ خاموش تماشا دیکھتی رہی۔ میگاایونٹ سے قبل پاکستان کے صرف آٹھ ون ڈے میچزباقی ہیں اوراب تک اسکواڈ کی تشکیل نہیں ہوسکی ۔آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ میں ہونیوالے ورلڈکپ میں صرف چارماہ باقی ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم اس دوران آسٹریلیاسے ایک،نیوزی لینڈ سے یواے ای میں پانچ اور میگاایونٹ سے قبل انہیں کی وکٹوں پر دو ایک روزہ میچز کھیلنا ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میں شکست پرپاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہناتھا کہ مسئلہ ٹیم کے پورے پچاس اوورز کھیلنے کاہے۔ کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ بیٹسمینوں میں اعتماد کی کمی ہے۔ اکیس ماہ بعد اوپنرز نے ٹیم کوسنچری سٹینڈ دیا۔تو بقیہ کھلاڑی نواسی رنز کااضافہ کرسکے۔اس دوران آٹھ اوپننگ پیئرز آزمائے گئے۔ جو دو سنچری اسٹینڈ دے سکے۔ اٹھارہ میچز میں اوپننگ پارٹنرشپ دوہرے عدد میں بھی نہ ہوسکی۔