ماسکو (بی بی سی) امریکہ کے خفیہ راز افشا کرنے والے ایڈورڈ سنوڈن کے وکیل نے کہا ہے کہ سنوڈن کی دوست لڑکی ان سے ملنے ماسکو پہنچ گئی۔ جمعے کو یہ بات پہلے پہل ایک دستاویزی فلم کے ذریعے سامنے آئی تھی کہ سنوڈن کی طویل عرصے سے دوست رہنے والی امریکی رقاصہ لِنزی ملز جولائی سے ان کے ساتھ ماسکو میں رہ رہی ہیں۔ سنوڈن کے وکیل اناتولی کوچیرینا نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ’محبت تو آخر محبت ہے۔ وہ جب بھی یہاں آتی ہیں ان کے ساتھ رہتی ہیں۔ ایڈورڈ کے لیے اخلاقی ہمدردی بہت ضروری ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ ویزے کی وجہ سے ملز ماسکو میں مستقل طور پر نہیں رہتی ہیں، تاہم وہ یہاں آتی رہتی ہیں۔ اس سے قبل امریکہ سے مفرور سنوڈن کو گذشتہ سال اگست میں روس نے پناہ دی تھی۔ پناہ سے پہلے امریکہ نے ان کی سفری دستاویزات منسوخ کر دی تھیں۔