سانحہ ملتان، تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس تحریک انصاف کا پیش ہونے سے انکار

Oct 13, 2014

ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) سانحہ ملتان کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز سرکٹ ہائوس ملتان میں ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان نے متعلقہ محکموں اور پولیس افسروں سے بیانات لئے۔ تحریک انصاف ملتان کے صدر نے سانحہ قاسم باغ کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ اعجازجنجوعہ نے سانحہ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم کے گیٹ کھولنے کا کام ان کا نہیں انتظامیہ کا تھا۔ تحقیقاتی کمیٹی میں بیان دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی سٹی ملتان خالد رئوف نے کہا ہے کہ میں حلفاً کہتا ہوں کہ عمران خان کے دس اکتوبر کو ہونے والے جلسے کے موقع پر قاسم باغ سٹیڈیم کے تمام پانچ گیٹ کھلے تھے۔  انہو ں نے کہا کہ سٹیڈیم میں گنجائش سے زیادہ افراد آگئے تھے جس کی وجہ سے وہاں پر جلسے کے اختتام پر بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث بہت سے لوگ ایک دوسرے پر گرے اور کچھ لوگ نیچے دب گئے جن کو نکالنے اور ریسکیو کرنے کیلئے اس گیٹ پر موجود ڈی ایس پی جلالپور مہر ربنواز تلہ نے عوام کی حفاظت کیلئے پانچ منٹ کیلئے ایک گیٹ بند کرایا تھا تاہم بعدازاں عوام کے پائوں تلے دب جانے والے افراد کو ریسکیو کئے جانے کے کچھ دیر بعد ہی وہ گیٹ دوبارہ کھلوا دیا گیا تھا۔تحقیقاتی کمیٹی نے ڈی سی او اور سی پی او سمیت ڈیوٹی پر تعینات دیگر افسران‘ زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کر لئے۔ سیکرٹری ماحولیات پنجاب محمد اقبال چوہان کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی نے گزشتہ روز ملتان سرکٹ ہاؤس میں بیانات ریکارڈ کرنے کا سلسلہ سارا دن جاری رکھا۔
تحقیقاتی کمیٹی

مزیدخبریں