اسلام آباد (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے تین ارکان کیخلاف نااہلی کے ریفرنس مسترد کردئیے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے تین ارکان ناصر خٹک، مسرت زیب اور گلزار خان کیخلاف نااہلی کے ریفرنس بھجوائے گئے تھے جس پر سپیکر نے رولنگ دیکر معاملہ نمٹادیا ہے۔ علاوہ ازیں سپیکر سردار ایاز صادق تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کا دوسرا مرحلہ آج پیر کو شروع کرینگے۔ ذرائع کے مطابق تصدیق کا مرحلہ آج 13اکتوبر سے شروع ہوگا اور 15اکتوبر تک11 ارکان کو بلایا جائیگا۔ ذرائع نے مزید بتایا سپیکر تحریک انصاف کے ممبران کو تصدیق کیلئے ایک موقع اور دینگے۔ عید سے قبل سپیکر نے 16ارکان اسمبلی کو بلایا تھا لیکن وہ سپیکر کے بلانے پر بھی نہیں آئے تھے ان میں شاہ محمود قریشی، علی محمد خان ، اسد عمر، ڈاکٹر عارف علوی، شیریں مزاری سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔ آج غلام سرور خان اور عمران خان کو طلب کیا ہے جبکہ 14اکتوبر کو امجد علی خان، شفقت محمود اور رائے حسن نواز جبکہ15 اکتوبر کو نفیسہ عنایت اللہ خٹک، ساجدہ عائشہ گلالئی اور لال چند کو طلب کیا ہے۔
ریفرنس مسترد
سپیکر نے تحریک انصاف کے 3 ارکان کیخلاف نااہلی کے ریفرنس مسترد کر دیئے، استعفوں کی تصدیق کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع کرینگے
Oct 13, 2014