شہباز شریف کی ملاقات‘ دھرنے والوں کے مقاصد سامنے آ گئے‘ عوام انکا ساتھ نہیں دے رہے : وزیراعظم

لاہور (خبرنگار) وزیر اعظم محمد نواز شریف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جاتی عمرہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیالکوٹ میں ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی بلااشتعال گولہ باری، سیلاب متاثرین کے معاملات، سانحہ ملتان، آپریشن ضرب عضب، بجلی کی پیداوار بڑھانے اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو سانحہ ملتان کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سے آگاہ کیا اور سیلاب متاثرین کو امدادی رقم کی دوسری قسط کی ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ فصلوں اور مکانوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ وفاقی حکومت پنجاب حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔ وزیراعظم نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے پنجاب میں بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ یہ جلد مکمل ہوں اور لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم نوازشریف کو بتایا کہ پنجاب میں 46 مقامات پر شمسی توانائی کے منصوبے لگائے جائیں گے۔ بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک سے رواں سال کے آخر تک 100 میگاواٹ شمسی توانائی حاصل ہو سکے گی۔ حکومت پنجاب شمسی توانائی کے علاوہ کوئلے، بائیو گیس، ہائیڈل، بائیوماس اور دیگر ذرائع سے بھی بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ حکومت کی ساری توجہ ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت تمام بحرانوں سے نجات دلانے پر مرکوز ہے، عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کریں گے، جمہوریت اور حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنیوالے ناکام ہوں گے، عوام جمہوریت اور حکومت کے ساتھ ہیں ہم بھی عوام کو کسی سطح پر تنہا نہیں چھوڑیں گے، پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات مزید تیز کرے۔ سانحہ ملتان کی شفاف انکوائری کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔  وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے دراصل ملک کی ترقی و خوشخالی کے دشمن ہیں مگر حکومت عوام کی مدد سے ملک کو نہ صرف تمام بحرانوں سے نجات دلائے گی بلکہ ہم ملک کو بھی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ احتجاجی دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کے اصل مقاصد قوم کے سامنے آچکے ہیں عوام ایسے لوگوں کا ساتھ نہیں دے رہے جس کی وجہ سے وہ خود ہی مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔
نواز شریف

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...