امریکہ نے پاکستانی سیکورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے 26 کروڑ 50 لاکھ ڈالر امداد دی : امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ

Oct 13, 2015

واشنگٹن (این این آئی)امریکہ نے پاکستان کو رواں سال دہشت گردی کےخلاف سکیورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 26 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی معاونت فراہم کی۔ اس بات کی تصدیق رواں ہفتے امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کی گئی۔ رپورٹ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ سے چند دن پہلے جاری کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو یہ امداد سکیورٹی کی مد میں دی گئی اور اس کا مقصد ملک اور خصوصاً افغان سرحد سے ملحق قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بحری قزاقی کی روک تھام کے لیے سمندری سکیورٹی آپریشنز میں پاکستان کی شرکت اور صلاحیت میں اضافہ کرنا بھی ہے۔ اس کے ساتھ اس مالی سال پاکستان کوانٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کے تحت بھی مزید پچاس لاکھ ڈالرز دیئے گئے۔گزشتہ چند برسوں میں پاکستان اور امریکہ تعلقات نہ صرف سکیورٹی بلکہ دوسرے شعبوں میں بھی ان کے درمیان دو طرفہ تعاون میں اضافہ ہوا۔ امریکہ نے جنوری 2015ءمیں پاکستان کے قبائلی علاقوں میں آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی واپسی، بحالی اور تعمیر نو کے کاموں کے لیے 25 کروڑ ڈالر امداد کا وعدہ کیا تھا۔پاکستان کے سینیئر تجزیہ کار رسول بخش رئیس نے امریکہ اور پاکستان تعلقات پر اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ تعاون صرف پیسے تک محدود نہیں پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع الجہت قسم کا تعاون ہے۔

مزیدخبریں