کراچی (آن لائن) وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان میں اربوں روپے کی کرپشن کے مقدمات میں پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی ضمانت میں 22اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے پیرکے روز ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان میں مبینہ طور پر اربوںروپے خوردبرد کرنے کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے ان کے ساتھ ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک بھی پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے موکل یوسف رضا گیلانی کو حاضری سے استثنی قرار دیا جائے جبکہ مخدوم امین فہیم کے بارے میں عدالت کو بتایا کہ وہ ملک میں موجود نہیں ہیں، اس کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکے جس پر عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں 22اکتوبر تک توسیع کر دی جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کے 22اکتوبرتک ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ مخدوم امین فہیم کو آئندہ سماعت پرگرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ عدالت یوسف رضا گیلانی کی جانب سے حاضری سے استثنٰی دینے کے متعلق دائر درخواست کی سماعت بھی 22اکتوبرکوہی کرے گی۔
ٹڈاپ کیس