ملک نازک دور سے گزر رہا ہے وزیراعظم کو سیاسی تماشوں سے فرصت نہیں: طاہرالقادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے قومی سلامتی کے ادارے کب تک نااہل حکومت کے حصے کا کام کرتے رہیں گے، حکومت نے دہشتگردی کے خاتمہ کی جنگ سے علامتی توجہ بھی ہٹا لی ہے۔گزشتہ 8 ماہ میں ملک بھر میں دہشتگردی کے 8 سو سے زائد واقعات اور سینکڑوں شہادتیں حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پہاڑوں اور غاروں میں دہشتگردوں کے خلاف حاصل ہونے والی فوجی کامیابیوں کو سول حکومت شہروں میں ناکام بنارہی ہے۔ قومی ایکشن پلان اور اس پر ہونے والا قومی اتفاق رائے کہاں ہے؟ وہ گزشتہ روز سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران خرم نوازگنڈاپور، مخدوم ندیم ہاشمی اور ڈاکٹر ایس ایم ضمیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کررہے تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا ملک نازک دور سے گزررہا ہے، وزیراعظم کو سیاسی تماشوں سے فرصت نہیں، نااہل ہونے والے کو دوبارہ سپیکر بنانے تک قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانا خاندانی بادشاہت کا ناقابل تردید ثبوت ہے کیا اسے جمہوریت کہتے ہیں؟کیا اس وقت ملک اور عوام کو درپیش کوئی ایک بھی ایسا ایشو نہیں جس پر پارلیمنٹ میں بحث ہو سکے؟ دہشتگردی ، کرپشن، غربت اور لاقانونیت آج بھی کور ایشوز ہیں جن کے حوالے سے حکومتی کردار مجرمانہ رویے پر مبنی ہے۔ مدارس کی اصلاحات، امن نصاب، نیکٹا کو فعال بنانا اور کوئیک رسپانس فورسز کے حوالے سے حکمران زبانی جمع خرچ تک محدود ہیں، کروڑوں عوام کے جان و مال کو دہشتگردوں کی طرف سے آج بھی خطرات لاحق ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا پاکستان کا جمہوری نظام موروثی سیاست اور ’’ون مین شو‘‘کے نرغے میں ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن نے فروغ امن اور دہشتگردی کے خاتمہ کے حوالے سے جو نصاب مرتب کیا دنیا بھر میں اس کی پذیرائی ہورہی ہے جبکہ دہشتگردوں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے حکمران اس قومی اور ملی مسئلہ پر بھی انتقامی سیاست اور منفی رویے کا شکار ہیں۔ ہم امن پسند عوام کی طاقت سے حکمرانوں کو انتہا پسندوں سے فکری تعلق ختم کرنے پر مجبور کر دیں گے۔ الیکشن کمشن میں جب تک حکومت کے حاشیہ بردار ممبرز بیٹھے ہیں عوام کو ووٹ کے استعمال کا آئینی حق اس کی روح کے مطابق نہیں ملے گا۔انتخابی اصلاحات اور الیکشن کمیشن کے غیر آئینی صوبائی ممبرز کی رخصتی تک کوئی شفاف انتخابات کا تصور بھی نہ کرے۔ پاکستان عوامی تحریک نے 2012 ء میں الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کے حوالے سے جس اہم آئینی ،انتخابی مسئلہ کی طرف قوم کی توجہ مبذول کروائی تھی وہ مسئلہ آج بھی جوں کا توں ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...