لاہور (سپورٹس رپورٹر) محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کی سٹیرنگ کمیٹی نے لاہور زو سفاری میں مچھلیوں کا جدید ایکوریم بنانے کی منظوری دیدی ہے۔ گذشتہ روز لاہور میں سٹیرنگ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی ایم این اے ملک افضل کھوکھر نے کی۔ اجلاس میں لاہور سفاری زو میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ بچوں کے پلے لینڈ اور کھانے پینے کی اشیا کی فروخت کے لیے فوڈ کورٹ بنائے جائیں گے۔ جدید ایکوریم میں دنیا بھر سے ہر نسل کی مچھلیوں کو لایا جائے گا۔ پاکستان میں یہ پہلا ایکوریم ہوگا جس میں سیر کے لیے آنے والے افراد اپنے آپ کو مچھلیوں کے ساتھ محسوس کر سکیں گے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور سفاری زو سید ظفر شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت لاہور میں شہریوں کے لیے جدید تفریحی مقامات بنا رہی ہے جس میں سے ایک لاہور سفاری زو ہے۔ حکومت اسے پاکستان کا جدید سفاری پارک بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ مچھلیوں کا ایکوریم بننے سے لاہور کے شہریوں کو تفریح کا ایک نیا موقع ملے گا۔