لاہور (اپنے نامہ نگار سے) تشدد اور اس کے سر کے بال کاٹنے والے شوہر کیخلاف خاتون سیشن عدالت میں آگئی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے شوہر کیخلاف مقدمے کا حکم دیا تو بیوی کو ترس آگیا اور عدالت سے رحم کی اپیل کر دی۔ ہنجروال کے رہائشی غلام محمد نے سر پر دوپٹہ نہ لینے پر اپنی بیوی پروین کے بال کاٹ دئیے اور اس پر تشدد کیا اور کمرے میں بند کر دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج اختر بھنگو کے حکم پر پولیس نے پروین کو سسرال سے برآمد کر لیا۔ خاتون نے عدالت کو ساس کے روئیے اور شوہر کے تشدد سے آگاہ کیا ایڈیشنل سیشن جج اختر بھنگو نے غلام محمد کیخلاف مقدمے کا حکم دیا تو پروین نے استدعا کی کہ اس نے شوہر کو معاف کر دیا ہے اس کے خلاف مقدمہ درج نہ کریں صرف اسے منع کریں کہ وہ تشدد نہ کرے۔ عدالت نے ہنجروال پولیس کو حکم دیا کہ غلام محمد اگر دوبارہ اپنی بیوی پر تشدد کرے تو ا س کے خلاف قانونی کارروائی کر کے عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔