کراچی (نیوزرپورٹر) چینی قونصل جنرل وِنگ یو نے کہا کہ جامعہ کراچی میں قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی انتہائی متاثرکن ہے اور میں اس ضمن میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتاہوں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مذکورہ انسٹی ٹیوٹ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری اور پاکستانی اور چینی عوام کے تعلقات اور رابطے میں مزید ہم آہنگی پیداکرنے والی تقریبات منعقد کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے چین کے قومی دن کی مناسبت سے جامعہ کراچی میں منعقدہ’’چینی ثقافتی پروگرام‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کراچی یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے زیر سرپرستی سی پیک سیل کے قیام کا اعلان کیا جس میں سی پیک سے متعلق سرگرمیاں جن میں اکیڈمکس اور تکنیکی سپورٹ شامل ہوں گی ۔ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ اس ضمن میں سندھ کی دیگر جامعات سے بھی مدد لی جائے گی،انہوں نے چینی قونصلیٹ کی جانب سے جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو لامتناہی تعاون فراہم کرنے پر ان کا شکریہ اداکیا۔جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے مستقبل کے اہداف پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر چینی اساتذہ اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلباوطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔