لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ فور 2019 کے لیے تمام 6 ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔پی ایس ایل کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل ایونٹ کی سرگرمیوں میں مزید شہروں کو شامل کرنے کی غرض سے لاہور سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل سمیت 8 میچ پاکستان میں رکھے گئے ہیں جو کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ اسلام آباد پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی میزبانی کرنے والا دوسرا شہر بن گیا ہے۔اس سے قبل پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ لاہور میں ہوئی تھی۔ڈرافٹنگ کے عمل سے قبل پی ایس ایل کی تمام 6 ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کو 13 نومبر تک برقرار رکھ سکیں گی اور 12 نومبر کے بعد یہ موقع ختم ہوجائے گا۔پی ایس ایل کے رواں سیزن کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ٹیم کم ازکم 10 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکتی ہے۔