ملتان(نمائندہ نوائے وقت)فیکلٹی کے پوسٹ گریجویٹ طلباء اور فیکلٹی ممبران وقتی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لائیو سٹاک اور پولٹری کے اہم پہلوئوں پر تحقیق کریں اور اس سیکٹر کی بڑھوتری میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اطہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان میں "ورلڈ ایگ ڈے"کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں کیا انہوں نے اس بات کا خیر مقدم کیا کہ نہ صرف بچوں، بڑوں اور بوڑھوں میں غذائیت کا شعور پیدا ہورہا ہے بلکہ یہ کوشش بھی کی جارہی ہے کہ ملاوٹ اور ناجائز منافع خوری کے خلاف رائے عامہ بیدار ہو۔تقریب میں دین فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر نے ورلڈ ایگ ڈے کے حوالے سے انڈے کی غذائی اہمیت اور انسانی صحت پراس کے مفید اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ اکہ انڈہ قدرتی اعتبار سے پروٹین کا ایک اہم ذریعہ ہے اور یقینا خوراک کے اہم اجزاء میں ایک ہے۔ انڈے میں موجود غذائی اجزاء دماغ اور بیشتر عضلات کی نشونما، بصارت کو برقرار رکھنے ، صحت مند بالوں اور ناخنوں کیلئے اور ہڈیوں اور جوڑوں کیلئے بہت مفید ہیں۔ نیز انڈوں کا استعمال بیماریوں کی روک تھام اور عام معمولات زندگی میں خاص اہمیت کا حامل ہیں۔ ایک انڈے سے ہمیں 6گرام لحمیات ، 5گرام چکنائی اور72کیلوریز انرجی میسر ہوتی ہے۔ فاسفورس ، آئرن، زنک، کیلشیم اور سیلینیم جیسے معدنیات اور وٹامن A، اور وٹامن E,، وٹامن B6، وٹامنB2، وٹا من B12، اور B5جیسے حیاتین بھی انڈوں سے بخوبی حاصل ہوتے ہیں۔تقریب سے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن صدر سائوتھ ریجن ڈاکٹر اظہر محمود اور ڈاکٹر میاں محمد اویس نے بھی خطاب کیا۔ ابتدائی تقریب کے بعد وائس چانسلر اور دیگر مہمانان گرامی نے مختلف انواع کے پرندوں سے حاصل کیے گئے انڈوں کی نمائش کا افتتاح کیا اور جائزہ لیا ۔ وائس چانسلر پروفیسر طاہر امین اور ڈین ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر اور دیگر مہمانوں نے کوکنگ کے اس مقابلے کو خوب سراہا۔ تقریب میں فیکلٹی کے طلبا و طالبات نے انڈوں سے تیار کردہ مختلف پکوان بھی نمائش میں پیش کیے۔ اس پروگرام کے آخر میں انڈے کی غذائی افادیت کو اجاگر کرنے کیلئے آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔
طلباء اور فیکلٹی ممبران لائیو سٹاک اور پولٹری کے اہم پہلوئوں پر تحقیق کریں، طاہر امین
Oct 13, 2018