حکومت اور بیورو کریسی میں تنائو کا غلط تاثر پھیلایا جارہا ہے: فیاض الحسن چوہان

Oct 13, 2018

لاہور (خبر نگار)پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت اور بیوروکریسی کے درمیان تناؤ کا تاثر دیکر خوامخواہ کا تنازع پیدا کیا جارہا ہے،پنجاب میں حکومت اور بیورو کریسی کے درمیان معاملات افہام وتفہیم سے حل ہو رہے ہیں ، بیو رو کریسی وزیر اعلیٰ اور حکومت پنجاب سے بھر پور تعاون کر رہی ہے، جو چند ایشوز ہیں وہ بھی ضمنی انتخابات کے بعد حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا بیوروکریسی کو سیاست سے پاک کرنے کا موقف بالکل درست ہے ۔بانی پاکستان قائداعظم نے بھی بیوروکرسی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ریاست کی ملازم ہے اور اس کی تابعداری اس کا فرض ہے لیکن وہ ریاست کے غیر آئینی اور ناجائز احکامات کو قطعی مسترد کردے ۔انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی کو بہرحال آئین اور قانون کے تحت حکومت وقت کے تابع ہوکر کام کرنا ہوتا ہے البتہ حکومت اگر اس پر غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے دباؤ ڈالے اسے اپنا مطلب نکالنے کیلئے قانون اور قواعد و ضوابط کے بر عکس کام کرنے لئے کہے تو بیوروکریسی کو انکار کردینا چاہیے۔

مزیدخبریں