انقرہ (اے پی پی) ترک وزیرِ دفاع خلوصی عقار نے اپنے فرانسیسی، برطانوی اورامریکی ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔وزیر عقار نے دوران گفتگو اپنے ہم منصبوں کو واضح کیا ہے کہ ترکی کی شمالی شام میں چشمہ امن کارروائی کا ہدف دریائے فرات کے مشرقی کنارے پر امن راہداری قائم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فرانسیسی وزیر دفاع فلورینس پارلی سے بات چیت میں واضح کیا کہ اس کارروائی کا ہدف ترکی میں مقیم شامی پناہ گزینوں کی اپنے گھر بار کو با حفاظت واپسی کو ممکن بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں محض دہشت گردوں کی پناہ گاہوں، ٹھکانوں، اسلحہ ، گاڑیوں اور فوجی سازو سامان کو ہدف بنایا ہے۔