بستی اللہ بخش (نمائندہ نوائے وقت) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردار خرم سہیل خان لغاری کی گاڑی پر فائرنگ۔ خرم سہیل خان محفوظ۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے خوراک سردار خرم، سہیل خان لغاری نے سردار چنوں خان لغاری پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز میں اپنے ڈرائیور گارڈ اور دیگر احباب کے ساتھ لاہور سے واپس اپنے آبائی گھر میرہزارخان جا رہا تھا کہ راستے میں تھانہ خانگڑھ کے علاقہ دربار محب جہانیاں کے قریب نامعلوم افراد نے سڑک پر رکاوٹ ڈال کر گاڑی روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر میری گاڑی پر فائرنگ کی۔ لیکن اللہ کے کرم سے میں اور میرے تمام ساتھی اور گاڑی بھی محفوظ رہی۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے فورا 15پر کال کی جس پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی لیکن حملہ آور وہاں سے فرار ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ خانگڑھ میں ملزمان کے خلاف کاروائی کیلئے درخواست جمع کرا دی ہے۔