ن لیگ نے 12 اکتوبر یوم سیاہ کے طور پر منایا‘ جمہوریت کیلئے منحوس قرار

Oct 13, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن نے 12 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا اور اس دن کو جمہوریت کیلئے منحوس قرار دیا۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 12اکتوبر 1999کو ڈکٹیٹر نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹایا۔1999 میں میاں نوازشریف کوپاکستان کے عوام نے دوتہائی اکثریت سے وزیر اعظم منتخب کیا۔ ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جمہوریت پر شب خون مارا۔ میاں نواز شریف 20سال پہلے بھی 12اکتوبر کو پاکستان میں سویلین بالادستی کی جنگ لڑ رہے تھے اور آج بھی سویلین بالادستی اور عوام کے ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ نوازشریف کا آج بھی ڈکٹیٹر مشرف کی باقیات سے مقابلہ ہے۔ نوازشریف 20سال پہلے بھی نہیں جھکا تھا اور آج بھی چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر محمد پرویز ملک جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نزیر اور ایڈیشنل سیکرٹری عامر خان نے کہا ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت بھی اسی مشرف آمریت کا تسلسل ہے سابق وزیراعظم کی بیٹی کو جیل میں ڈال دیا گیا، مولانا فضل الرحمٰن کا آزادی مارچ پارلیمان اور آئین کو بچانے کی تحریک ہے، جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والے کسی شعبہ میں بھی کامیاب نہیں ہیں،عوام کو ڈینگی کے رحم و کرم پر بے یارومدد گار چھوڑ دیا گیا ہے ،انشاء اللہ بہت جلد ان ظالم بے رحم اور سلیکٹڈ حکمرانوں سے عوام کونجات ملنے والی ہے، ن لیگ کی حکومت نے پانچ سالوں میں دس ہزار ارب روپے لے کر بجلی کے منصوبے اور موٹر وے بنائیں اور دیگر منصوبے لگائے لیکن گزشتہ ایک سال میں ملک میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی۔ سارا قرضہ ہڑپ کر لیا گیا۔ ملک بدترین معاشی صورتحال کا شکار ہے۔ ملک سے سرمایہ اور سرمایہ دار بھی بھاگ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارگذشتہ روزانہوں نے پارٹی آفس میں ارکان اسمبلی ورہنماؤں وکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید توصیف شاہ، ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،غزالی سلیم بٹ، میاں سلیم ،کرنل (ر) مبشر جاوید ، اظہر فاروقی،جاوید اقبال ، سمیر امجد اور ثمرہ نذیر سمیت دیر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتساب سے نہیں گھبراتے، الزام لگائیں لیکن ثبوت عوام کے سامنے رکھیں۔ اب نیازی حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔

مزیدخبریں