اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ترک صدر رجب طیب اردگان نے استبنول میں ملاقات کی جس میں کشمیر کی صورتحال ‘ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ ترکی کا مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ واضح اور دوٹوک موقف رہا ہے۔ عالمی برادری کشمیر میں کرفیو‘ بھارتی افواج کی بربریت کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔ ترک صدر نے کہا ترکی پاکستان کو اپنا بھائی‘ دوست سمجھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ قریبی اور برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اعلامیہ کے مطابق ترک صدر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی خطاب میں مسلم امہ‘ کشمیریوں کی صحیح معنوں میں ترجمانی کی‘ کشمیریوں کی امنگوں‘ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک حمایت جاری رکھیں گے۔ استبنول میں خطے کے ممالک کی تیسری سپیکرز کانفرنس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی ملاقات کے دوران 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔