کشتیاں جلا کر نکلے ہیں، دھاندلی زدہ حکمرانوں کو جانا ہو گا: حافظ حسین

Oct 13, 2019

کوئٹہ (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے قافلوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو پھر ہر جگہ دھرنا ہوگا اور پورا ملک جام کردیں گے، ہم اپنی کشتیاں جلا کر میدان میں نکلے ہیں، اسمبلیوں سے استعفیٰ ہم نہیں حکومت کو دینا ہوگا ، حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے۔ دھاندلی زدہ حکمرانوں کو اب جانا ہوگا،حکومتی ترجمان شہباز شریف کی تعریفیں کرکے اس کونواز شریف کا برادر یوسف بنانے چاہتے ہیں، جے یو آئی سے مذاکرات کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی پر عمران نیازی نے یوٹرن لیتے ہوئے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے ، ہمیں یہ لوگ کہتے رہے کہ ہم مذہبی کارڈ استعمال کررہے ہیں مگر انہوں نے تو پورا مذہبی امور ہی استعمال کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے ہم نے ملک بھر میں 15ملین مارچ کئے ہیں اب 27اکتوبر کو ہمارے قافلے اپنی منزل کی طرف روانہ ہونگے ، ہمارا آزادی مارچ مکمل پرامن ہوگا کوئی پتہ یا شیشہ نہیں ٹوٹے گا، تحریک انصاف کی طرح ہم پارلیمنٹ پر حملہ آور نہیں ہونگے ہم تو جمہوریت اور پارلیمنٹ کے محافظ ہیں اور پارلیمنٹ گند سے صاف کریں گے۔

مزیدخبریں