فضل الرحمان کا ایک بندہ اندر جانیوالا ہے‘ انکا ایجنڈا جلد بتاؤں گا: شیخ رشید

Oct 13, 2019

لاہور (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جن 6 افراد کی بات کرتا ہوں تو ان میں سے 4 گرفتار ہوچکے اور جلد پکڑے جانے والوں میں سے ایک مولانا فضل الرحمان کا بندہ ہے، مولانا کے آگے کنواں پیچھے کھائی ہے، پہلے بھی اس نے اپوزیشن کو مروایا اب بھی مروائیں گے، 26 اکتوبر کو بتاوں گا مولانا فضل الرحمان کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان اور شہبازشریف کی کوئی چیز فائنل نہیں، نوازشریف کو مروانے میں مریم نواز کا کلیدی کردار ہے، اب دیکھیں حسن اور حسین نواز کیا کرتے ہیں، عمران خان نے مودی کو پھنسا دیا، اب مودی کی نہ جان چھوٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے۔ ہفتہ کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئندہ تین سال میں ریلوے کا خسارہ مکمل طور پر ختم کر دیں گے، ریلوے افسران کو وقت کی پابندی کا پابند کیا گیا ہے، اس حوالے سے ایم ایل ون اور ٹو سے مسافروں کو تیز ترین سفر کی سہولت ملے گی جبکہ ریلوے اسٹیشنوں پر مستحق افراد کو ایک ہزار دکانیں دی جائیں گی، چین کے دورے میں ایم ایل ون پر بات چیت ہوئی، ایم ایل ون بننے سے ریلوے کے سسٹم میں انقلاب آ جائے گا۔ انہوں نے کہا سابق حکمران مہنگائی حق مہر میں چھوڑ گئے۔ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور کرنسی کو استحکام دیا ہے۔

مزیدخبریں