شہباز شریف کا کمر درد انتہائی عقلمند ہے، ہمیشہ وقت پر ہوتا ہے، ن لیگ دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے، فضل الرحمان ملک میں عدم استحکام نہ پھیلائیں : فواد چوہدری

Oct 13, 2019 | 20:02

ویب ڈیسک

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان ملک میں عدم استحکام نہ پھیلائیں، مسلم لیگ ن میں لڑائی چل رہی تھی، اب باضابطہ دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی۔

وفاقی وزیر  برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کمر درد انتہائی عقلمند ہے جو ہمیشہ وقت کے مطابق ہوتا ہے۔

جے یو آئی ف کے مارچ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جے یو آئی مارچ تو کر رہی ہے مگر اسے اپنے مطالبات ہی معلوم نہیں ہیں، پتہ نہیں مولانا کیوں مارچ کر رہے ہیں، انہیں پہلے کسی سیانے کے ساتھ بیٹھ کر مطالبات بنانے چاہئیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت ملک میں استحکام ہے لہذا مولانا عدم استحکام نہ پھیلائیں، مولانا اسلام آباد کے بجائے اسلام کی جستجو کریں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے عرصے سے مسلم لیگ ن میں اندرونی لڑائی چل رہی تھی اور اب ن لیگ باضابطہ دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے، کچھ لوگ کہتے تھے کہ شہباز شریف سیاست چھوڑ دیں گے لیکن بھائی کو نہیں چھوڑیں گے، اب وہ آزادی مارچ میں شرکت نہ کر کے بڑے بھائی کی بات مان کر سیاست ہی تو چھوڑ  رہے ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کابحران اور گہرا ہوتا جا رہا ہے، شہباز شریف چار سال وزیراعلیٰ رہے لیکن انہیں کمر کا درد نہیں ہوا، جونہی وزیراعلیٰ سے ہٹتے ہیں کمر درد آجاتا ہے، ان کا کمر درد بھی انتہائی عقلمند ہے جو بے وقت نہیں ہمیشہ وقت کے مطابق ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ10 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے مولانا کے آزادی مارچ میں شرکت کی مخالفت کی تاہم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں بھرپور شرکت کا حکم دیا ہے۔


 

مزیدخبریں