شراب لائسنس کیس‘ اکرم اشرف کی جوڈیشنل ریمانڈ  میں توسیع کے بعد درخواست ضمانت 

Oct 13, 2020

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے شراب لائسنس اجرا کیس میں سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 اکتوبر تک توسیع کر دی جبکہ اکرم اشرف گوندل نے درخواست ضمانت بھی دائر کردی ہے۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچوہدری نے شراب لائسنس اجرا کیس پر سماعت کی، ملزم اکرم اشرف گوندل کو جوڈیشل ریمانڈ کے بعد پیش کیا گیا۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس متعلق رپورٹ طلب کر لی اور سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ نیب شراب لائسنس کیس میں وزیراعلی پنجاب کو بھی طلب کر چکا ہے۔ دوسری جانب ملزم اکرم اشرف گوندل کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی گئی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے شراب لائسنس جاری کیا۔ نیب کی جانب سے کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کا الزام غلط ہے۔ درخواست میں کہا گیا تمام ریکارڈ نیب کو فراہم کر چکا ہوں۔ جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ عدالت درخواست ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔

مزیدخبریں