گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی ہڑتال کی بھرپورحمایت کرتے ہیں، سپریم کونسل

Oct 13, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کونس آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز نے آج پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی جانب سے ہونے والے احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال کی بھرپورحمایت کا اعلان کر دیا۔سپریم کونسل کے چیئرمین کیپٹن(ر) آصف محمود کا کہنا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ حکومتی اداروں کے ظلم و زیادتیوں میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی، کسٹم حکام،موٹروے پولیس، مقامی پولیس اور انتظامیہ سب کے سب ٹرانسپورٹرز حضرات کے لئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ زیادہ وزن پر ناجائز جرمانہ، موٹروے ٹول ٹیکس میں اضافہ، گاڑیوں کی فٹنس کے اخراجات، ایکسائز پولیس کی لوٹ کھسوٹ، ہزاروں روپوں کے ناجائز چالان غرض ہر ہر ادارہ اپنے طور پر ٹرانسپورٹ برادری سے ذیادتی کرنے میں کوئی کثر نہیں اٹھا رہا۔ٹرانسپورٹ برادری کا کوئی نمائندہ ایوانِ بالا یا کسی بھی پلیٹ فارم پر موجود نہیں جس سے جا کر ہم اپنا دکھ درد بیان کریں۔ سپریم کونسل کئی سالوں سے اس بات کامطالبہ کرتی آرہی ہے کہ ٹرانسپورٹ کی علیحدہ وزارت قائم کی جائے تا کہ ٹرانسپورٹ برادری اپنے تمام مسائل کے حل کے لئے اس پلیٹ فارم کا استعمال کرے مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ آج پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی جانب سے ہونے والی پہیہ جام ہڑتال ان تمام بدعنوان اداروں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز اس ہڑتال کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں