لاہور (نیوز رپورٹر) دشمنوں کی پے در پے یلغار اور سازشوں سے نبردآزما ہونے کیلئے ہمیں بحیثیت قوم اسی طرح کے اتحاد و استقامت کا مظاہرہ کرنا ہوگا جو تحریکِ پاکستان کے دوران موجزن تھا۔ کارکنان تحریک پاکستان نے آزاد وطن کے حصول کی خاطر اپنا تن من دھن قربان کر دیا تھا، ان کارکنان کی شبانہ روز کاوشوں کی بدولت آج ہم آزادی کی فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ملک میں فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکنے نہیں دیں گے اور قرآن وحدیث کی تعلیمات کے مطابق اتحادویکجہتی کے فروغ کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے چترال میں ’’ہم سب پاکستان ہیں‘‘ کے عنوان سے اتحاد امت کانفرنس کے دوران کیا۔ اس کانفرنس کا اہتمام ہدیۃ الہادی پاکستان نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر سجادہ نشین درگاہ عالیہ حضرت میاں میرؒ و مرکزی امیر ہدیۃ الہادی پاکستان پیر سید ہارون علی گیلانی ، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، نگران وزیر برائے جنگلات و عشر زکوۃ اور امیر ہدیۃ الہادی گلگت بلتستان مولانا سید سرور شاہ، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید ، صدر مسلم لیگ (ن) کوہستان سید گل بادشاہ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل سید ثاقب اکبر، صدر ہدیۃ الہادی لوئر چترال نصرت الٰہی، سابق تحصیل ناظم و رہنما جمعیت علمائے اسلام مولانا محمد الیاس، اسماعیلی کونسل کے نمائندہ علی اکبر قاضی، علمائے کرام و مشائخ عظام ، چترال کی ممتاز سیاسی، مذہبی وسماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام کے باقاعدہ آغاز پر قاری عبدالرحمن نے تلاوت قرآن حکیم اور بشیر الدین نے نعت رسول مقبولؐ سنانے کی سعادت حاصل کی۔ نظامت کے فرائض مرکزی نائب امیر ہدیۃ الہادی رضیت باللہ نے انجام دیئے۔ تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر مملکت و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے کانفرنس کے شرکاء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اس خطہ ٔ بے مثال کے مسلم باشندوں نے آزاد اسلامی مملکت کے قیام کیلئے برصغیر کے دیگر خطوں کے مسلمانوں کی طرح جان و مال کی لازوال قربانیاں دیں۔ آج کل پاکستان کو دشمنوں کی طرف سے ففتھ جنریشن وار یا ہائبرڈ وار کا سامنا ہے جس کے تحت عوام اور اداروں کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔ ہمیں یہ جنگ اُسی طرح یکجان دو قالب ہوکر لڑنا پڑے گی جس طرح دشمن کی مسلط کردہ دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی تھی۔ ان شاء اللہ! ہم اس جنگ میں بھی سرخرو ہوں گے۔ لیاقت بلوچ نے قائداعظمؒ کی قیادت اور علامہ اقبالؒ کی فکر نے مسلمانان برصغیر میں ایک جوش وجذبہ پیدا کیا۔ ہم نے یہ خطہ محض ایک زمین کا ٹکڑا حاصل کرنے کیلئے نہیں کیا تھا بلکہ ایک مثالی اسلامی معاشرہ قائم کرنے کیلئے بنایا تھا۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے ، علماء ومشائخ باہمی اتحاد سے وطن دشمنوں کی اس سازش کو ناکام بنا دیں۔ ہارون علی گیلانی نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کے صفوں اور وطن عزیز پاکستان میں بسنے والوں میں اتحادواتفاق، نظم وضبط اور یکجہتی کی شدید ضرورت ہے۔ شاہد رشید نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کا جوش و جذبہ قابل دید ہے۔ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میںشامل کرنے کیلئے تحریک پاکستان والے جذبات کی آج پھر ضرورت ہے۔ملک دشمن عناصر پاکستان میں انتشار پھیلانے کا خواہشمند ہے ہمیں اتحاد کی طاقت سے ان کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ مولانا سید سرور شاہ نے کہا کہ ایک گھر میں رہنے والے افراد میں اتحاد واتفاق نہ ہوتو وہ گھر نہیں چل سکتا،تو یہ ملک جو ہمارا گھر ہے بغیر اتحاد واتفاق سے کیسے چل سکتا ہے؟ مولانا سید سرور شاہ نے قوم کی صفوں میں اتحاد کے لئے برداشت اور تحمل پر زور دیا۔ رضیت باللہ نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے قیام اور بقاء کے لیے جو قربانیاں دی ہے وہ تاریخ کے سنہرے باب میں رقم ہے۔ پاکستان بہت عظیم قربانیوں کے بعد نظریہ اسلام کی بنیاد پر وجود میں آیا ۔ اللہ تعالی پاکستان کو اندونی بیرونی تمام دشمنوں سے محفوظ رکھے۔ ہمیں اپنے اند ر اتحاد امن محبت کے ساتھ رہنا ہوگا تاکہ ملک پاکستان اور اسلام کا دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے۔ سید ثاقب اکبر نے کہا کہ ہمارا پیغام محبت ہے۔ ہم آگ اور خون کا دریا عبور کر کے یہاں تک پہنچے ہیں۔ نصرت الٰہی نے کہا ہمارا پیغام یہی ہے کہ ہم امن ، محبت اور اتحاد واتفاق کا پیغام گلی گلی تک پہنچائیں ۔ ہم فرقہ واریت کے سخت خلاف ہیں۔ تحریک پاکستان کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ مولانا محمد الیاس نے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ تحریک پاکستان میں اکابرین اور کارکنان نے علیحدہ وطن کے حصول کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیا۔ ہم اس کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ علی اکبر قاضی نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات امن و محبت اور سلامتی کا درس دیتی ہیں۔ حسین احمد نے کہا کہ آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔ ہمارے آبا واجداد نے آزاد اسلامی ریاست کے قیام کیلئے جان ومال کی لازوال قربانیاں پیش کیں ۔ ہمیں پاکستان کی قدر کرنی چاہئے۔
اتحاد و یکجہتی مشن جاری رہیگا، فرقہ وارییت کی آگ بھڑکنے نہیں دینگے: مقررین
Oct 13, 2020