کرونا ، 18اموات ، کیسز میں مسلسل کمی ، مثبر شرح 1.62فیصد

Oct 13, 2021

لاہور+اسلام آباد (سٹی رپورٹر‘خبر نگار) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 689 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 18 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 180 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 62 فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 152 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 59 ہزار 648 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 41 ہزار 754 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 280 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 11 لاکھ 89 ہزار 742 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔کرونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہو سکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔ سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔اداکارہ وینا ملک بھی کرونا سے متاثر ہوگئیں۔ وینا ملک نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو کرونا وائرس سے متاثر ہونے سے متعلق آگاہ کیا اورقرنطینہ سے متعلق ذکر کرتے ہوئے وینا ملک نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’چھوٹی چھوٹی چیزیں اہمیت رکھتی ہیں، کون جانتا تھا کہ میں سٹار بکس کی کافی یا گروسری کے لیے جانے کو کتنا یاد کروں گی؟ وینا ملک نے کہا کہ میں ایک ہفتہ تک قرنطینہ میں رہوں گی۔وینا ملک نے زور دیا کہ سب کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزیدخبریں