شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ (ن) ایم پی اے پیر اشرف رسول نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معاشی حالات بہترکرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ملکی ترقی کا جو سلسلہ (ن) لیگ نے شروع کیا اسے آگے بڑھانے کی بجائے ملک و قوم کو معاشی بدحالی کی دلدل میں دکھیل کر حکمرانوں نے عوام اور ملک دشمنی کا ثبوت دیاہے نا اہل حکمرانوں سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی، اپنے ایک بیان میںپیر اشرف رسول نے کہا کہ معاشی بدحالی اور غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار ہیں ہر طبقہ ما لی مشکلات کے نرغے میں ہے جو حکومتی نا اہلی کا نتیجہ ہے، حکومت فوری طور پر موجودہ معاشی پالیسیوں کو واپس لے اور اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے معاشی پلان مرتب کرے جس کی دعوت صدر (ن) لیگ میاں شہباز شریف بار ہا حکمرانوں کو دے چکے ہیں اور مربوط معاشی پالیسی کی خاطر پارٹی قیادت اپنا تعاون شامل حال رکھنے کیلئے اب بھی تیار ہے مگر موجودہ حکمرانوں کا تکبر معاشی بدحالی کے خاتمہ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔