اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی حکومت بنانے کا کریڈٹ لے لیا۔ لودھراں میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب میں اسمبلی ارکان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے طیاروں کے استعمال کا ذکر بھی زبان پر آگیا۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ الیکشن سے 6 مہینے پہلے مجھے بہت ہی غلط اور فضول فیصلے سے نا اہل کیا گیا اور پھر 2018ء کے الیکشن کے بعد جب ہماری حکومت بن گئی تو باقاعدہ سازش کے تحت مجھے خان صاحب سے الگ کردیا گیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تحریک انصاف کامیاب ہوئی لیکن کچھ سیٹیں کم ہوئیں تو پھر آپ کو پتہ ہے کہ جہاز چلا۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے پی ٹی آئی کی 8 سیٹیں کم تھیں، خان صاحب کا پیغام آیا کہ پنجاب کے بغیر حکومت کا فائدہ نہیں، جس پر میں نے کہا، فکر نہ کریں۔انہوں نے کہا 8 سال دن رات تحریک انصاف میں محنت کی۔ عمران خان دوسرے سیاستدانوں سے مختلف تھے۔ الیکشن سے 6 ماہ قبل غلط فیصلہ دے کر نااہل کر دیا گیا۔ نااہلی کے باوجود عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ فیصلہ کیا ہے سیاست چھوڑوں گا نہ تحریک انصاف۔