نئی دہلی‘ سرینگر‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ کے پی آئی‘ اے پی پی‘ خصوصی نامہ نگار) غیرقانونی بھارتی قبضے والے جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید 5 کشمیری شہید ہو گئے۔ ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کی آڑ میں 5 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے تلران میں ایک‘ اسلام آباد میں ایک‘ بانڈی پورہ میں ایک اور فیری پورہ میں 2 نوجوانوں کو شہید کیا۔ دو دنوں میں شہدا کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے کشمیریوں کے خلاف نئی دہلی اور اتر پردیش میں بھی کارروائی شروع کر دی ہے۔ 18 مقامات پر چھاپے مارے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق این آئی اے نے لشکر طیبہ‘ جیش محمد‘ البدر‘ حزب المجاہدین سے متعلق ایک نیا مقدمہ بھی درج کیا ہے۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں و کشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے بے گناہ کشمیریوں خصوصاً نوجوانوں کے بڑے پیمانے پر قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ بھارت ہمیں جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پانچ کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادت کی شدید مذمت کرتے کہا جھوٹا بھارتی پراپیگنڈا مسترد کرتے ہیں۔ ہندوتوا کے زیراثر ’بی۔ جے۔ پی‘ اور’ آر۔ ایس۔ ایس‘ دونوں مل کر کشمیری آبادی کو اجتماعی سزا دینے اور جبر واستبداد کی ظالمانہ مہم چلا رہے ہیں۔ نئی دہلی میں پاکستانی شہری کی مبینہ گرفتاری سے نتھی کردہ الزامات بھارت کے ان مشہور زمانہ روایتی ہتھکنڈوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد ایک طرف دنیا کی توجہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور غیر قانونی اقدامات سے ہٹانا اور دوسری جانب بھارت کے اندر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف کئے جانے والے مسلمہ اور دستاویزی شواہد سے سامنے آنے والے جرائم کو چھپانا ہے۔
بھارتی دہشتگردی، مزید 5 کشمیری شہید: ماورائے عدالت قتل قابل مذمت ، پاکستان
Oct 13, 2021