سینٹ قائمہ کمیٹی کے وفد کا جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرزکا دورہ، جنرل ندیم رضا سے ملاقات


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے 7 ارکان پر مشتمل ایک وفد نے چیئرمین دفاع کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ کمیٹی کو جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کے کردار اور کام کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ ارکان پارلیمنٹ کو تینوں مسلح افواج کے ورک پلان، سکیورٹی کے ماحول اور امن و استحکام کے لیے دفاعی فورسز کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر ایک قومی تناظر میں اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ جس کا مقصد دفاع پاکستان اور قومی سلامتی کو محفوظ بنانا،  اور اس کا فروغ کرنا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے خطے میں پائیدار ترقی کیلئے افغانستان میں امن کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

ای پیپر دی نیشن