بھارتی دہشتگردی مزید5 کشمیری شہید: ماورائے عدالت قتل قابل مذمت، پاکستان

اسلام آباد،نئی دہلی‘ سرینگر (خصوصی نامہ نگار،نوائے وقت رپورٹ‘ کے پی آئی‘ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید 5 کشمیری شہید ہو گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کی آڑ میں 5 کشمیریوں کو شہید کیا۔ کے ایم ایس کا بتانا ہے کہ بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے تلران میں ایک‘ اسلام آباد میں ایک‘ بانڈی پورہ میں ایک اور فیری پورہ میں 2 نوجوانوں کو شہید کیا۔ گزشتہ دو دنوں میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے شہید کئے جانے والے کشمیریوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے کشمیریوں کے خلاف جموں و کشمیر کے بعد نئی دہلی اور اتر پردیش میں بھی کارروائی شروع کر دی ہے۔ این آئی اے نے منگل کی صبح جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں کے علاوہ نئی دہلی اور اتر پردیش میں بھی 18 مقامات پر چھاپے مارے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق این آئی اے نے لشکر طیبہ‘ جیش محمد‘  البدر‘ حزب المجاہدین سے متعلق ایک نیا مقدمہ بھی درج کیا ہے۔ جبکہ غیرقانونی  طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی جموں و کشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی ن بھارتی قاب فوجیوںکی طرف سے بے گناہ کشمیریوں خصوصاً نوجوانوں کے بڑے پیمانے پر قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں واضح کیا کہ بھارت فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا۔

ای پیپر دی نیشن