اسلام آباد: امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے پاک امریکا تعلقات پر بہترین خدمات کی انجام دہی کیلئے امریکی سفارت کاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے اپنے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امریکی سفارت کاروں سے ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی۔پیغام میں امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے کہا کہ گزشتہ ہفتے میرے دورۂ پاکستان کے دوران میں نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کا بھی دورہ کیا۔ امریکی سفارت خانہ پاکستان اور امریکا کے مابین تعلقات میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے کہا کہ میں پاک امریکا شراکت داری میں تعاون فراہم کرنے کیلئے امریکی سفارت کاروں کی انتھک محنت کو سراہتی ہوں کیونکہ آپ نے یہ سب امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کیلئے کیا ہے۔
It was wonderful to meet the dedicated staff @usembislamabad on my trip to Pakistan last week. Thank you for your hard work in support of the U.S.-Pakistan partnership and all you do on behalf of the American people. #USPak pic.twitter.com/F3C5p4RuuB
— Wendy R. Sherman (@DeputySecState) October 12, 2021
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ وینڈی شرمین نے پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران خطے کی صورتحال اور افغانستان کے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آج سے 6 روز قبل امریکی ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ وینڈی شرمین وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پاکستان کی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتوں کیلئے پاکستان پہنچیں۔
دفترِخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا سے مساوی سطح پر دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات چاہتا ہے۔ امریکی ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ وینڈی شرمین کا دورہ خوش آئند ہے۔