طاغوت کی ناکامی ونامرادی کیلئے حسینیت کا دامن تھامنا ہوگا،بشارت امامی   

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کردہ ا یام عزا کے الوداع اور شہادتِ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے سلسلے میں ہفتہ عہدوپیمان کی مناسبت سے سوموار کومجالس عزامیں علمائے کرام نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ ہفتہ عہدوپیمان ؑکی مجالس و تعزیوں کے جلوسوں کے دوران سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرے۔تحریک نفاذفقہ جعفریہ فیڈرل کپیٹیل کے صدرعلامہ راجہ بشارت حسین امامی نے ٹی این ایف جے فیڈرل کپیٹیل کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عزاداری امام حسین ؑ بقائے اسلام کی ضامن ہے اور انسانیت کی فلاح اور طاغوت کی ناکامی ونامرادی کیلئے حسینیت کا دامن تھامنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کربلا والوں نے اپنا سب کچھ لٹا کر اسلام بچایا ،ارباب اختیار و اختلاف اپنے بچاؤ کے بجائے قوم وملک کے بچاؤ کی فکر کریں۔ انہوںنے یہ بات زور دے کر کہی کہ دہشت گردی اور قتل و غارت گری سے چھٹکارا اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب ہم محمد و آل محمد علیہم السلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوں اور تمام بحرانوں کے حل کیلئے عدل وانصاف کو ترجیح دیں۔
،اسی میں ہماری سرخروئی ہے اور شیطنت و ابلیسیت کی موت ہے۔اس موقع پر  ایام عزاکے سلسلہ میں6ربیع الاول کو مرکزی امام امام بارگاہ جامعۃ المرتضی جی نائن فور سے ایک بجے دن برآمد ہونے والے مرکزی ماتمی احتجاجی جلوس کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن