اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ این این آئی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سیکا کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بدھ کو دو روزہ دورے پر قازقستان پہنچ گئے ہیں۔ دارالحکومت آستانہ پہنچنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق قازقستان کے نائب وزیراعظم نور سلطان بایوف نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ کابینہ کے ارکان اور اعلی حکام پر مشتمل وفد وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ ہے۔ وزیراعظم ایشیا میں تعامل اور اعتماد سازی کے اقدامات پر کانفرنس کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وزیراعظم آج 13 اکتوبر 2022 ء کو سیکا کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم سیکا کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ یاد رہے کہ سربراہی اجلاس آج (بدھ) سے آستانہ میں شروع ہو رہا ہے۔ دریں اثناء پاکستان میں روانگی سے قبل ایک ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے کساد بازاری کا سامنا ہے، سیکا روابط کے ذریعے ایشیا میں اقتصادی تعاون اور سلامتی کو نئی جہت ملے گی۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد سے این این آئی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی چہرہ اجاگر کرنے میں میڈیا کا بہت اہم کردار ہے۔ وہ وزیراعظم ہاؤس میں ایم نیٹ ورک کے زیراہتمام شروع ہونے والے ملک کے سب سے پہلے فیملی انٹرٹینمنٹ چینل کی نشریات کے افتتاح کیلئے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بٹن دبا کر ٹی وی کی نشریات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبہ میں قریبی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کا شعبہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جبکہ وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون کے حوالہ سے بات چیت میں تیزی لانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیکورٹی، زراعت، رابطے اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے قریبی اور خوشگوار دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے صدر علیوف کو پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں لوگوں کی بحالی کے لئے حکومتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ آذربائیجان کے صدر نے اس ضمن میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جموں و کشمیر پر آذربائیجان کے ٹھوس موقف اور جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے رکن کے طور پر اس کے گرانقدر کردار کو سراہا۔ انہوں نے سابق نگورنو کاراباخ پر آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے وزیر مملکت برائے پٹرولیم کو آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ توانائی تعاون کے لئے فوکل پرسن نامزد کیا ہے جنہوں نے گزشتہ ماہ باکو کا دورہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی رابطوں کو آگے بڑھانے کیلئے سربراہی سطح پر مشاورت کی تجویز پیش کی جس کا مثبت جواب دیا گیا۔ مزید براں قازقستان کے صدر کی جانب سے سیکا میں شریک سربراہان مملکت کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی عشایئے میں شریک ہوئے۔ عشایئے سے قبل وزیراعظم قازقستان کے ثقافتی پروگرام میں شریک ہوئے۔