لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو صوبے بھر کے نکاح رجسٹرارز کو ترمیم شدہ نکاح نامے کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار خاتون مہر شوکت نے شوہر بہزاد قریشی کے خلاف نکاح نامے میں پہلی شادی کا لکھنے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔ درخواست گزار خاتون کا مؤقف تھا کہ بہزاد قریشی نے نکاح نامے میں اپنی امریکہ میں ہونے والی شادی اور طلاق کو چھپایا ہے۔ اس لئے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ بہزاد قریشی نے مؤقف اختیار کیا کہ نکاح نامے میں کہیں یہ نہیں پوچھا گیا کہ پہلی شادی ہوئی تھی یا نہیں؟ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ نکاح نامہ کے کالم نمبر 5 میں دلہن کے کنوارہ‘ مطلقہ ہونے کا سوال ہے‘ لیکن دولہا سے متعلق ایسا سوا نہیں ہے۔ عدالت نے شک کا فائدہ دیکر دولہا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست خارج کر دی ہے۔