اسلام آباد (وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ میں نادرا ریکارڈ میں بانی ایم کیو ایم کے رجسٹرڈ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ بدھ کو ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے بانی متحدہ قومی موؤمنٹ کی شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
، عدالت نے سماعت کے دوران وزارت داخلہ اور خارجہ کے حکام کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سماعت کے دوران نادرا کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نادرا کے ریکارڈ میں الطاف حسین رجسٹرڈ ہی نہیں ہیں، الطاف حسین کا شناختی کارڈ نادرا کے قیام سے پہلے کا ہو سکتا ہے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے سوال کیا کہ وزارت داخلہ سے کون آیا ہے؟ آکر بنیادی بات تو بتا دیں، ایک شخص پاور آف اٹارنی رجسٹر کرانا چاہتا ہے اور سفارت خانہ اسکو تسلیم نہیں کر رہا۔عدالت نے کہا کہ الطاف حسین کی درخواست زیرالتواء ہے اس پر فیصلہ کر دیں، وزارت داخلہ سے کوئی شخص آیا ہی نہیں ڈائریکشن کس کو دوں۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ وزارت داخلہ والے کیسے عجیب لوگ ہیں، کیا الطاف حسین کی درخواست کسی نے دیکھی بھی ہے؟جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ ایک درخواست 2014 سے زیرالتواء ہے اسے دیکھیں تو سہی، اگر الطاف حسین کی شناختی کارڈ کی درخواست مسترد کر دی ہے تو وہ بھی بتا دیں۔