پنجاب شوگر کنٹرول بورڈ اجلاس بے نتیجہ ختم‘ گنے کے نرخوں کا تعین نہ ہو سکا

Oct 13, 2022


رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) شوگر کرشنگ سیزن کے لیے گنے کے ریٹ کے تعین کے حوالے سے ہونے والا اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم، آئندہ اجلاس 23 اکتوبر کو ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب شوگر کنٹرول بورڈ پنجاب کا اجلاس لاہور میں ہوا۔ جس میں چیئرمین شوگر مل ایسوسی ایشن ذکا اشرف، محکمہ زراعت اور کسانوں کے نمائندے شامل تھے۔ رحیم یار خان سے آل پاکستان کسان فاونڈیشن کے چیئرمین سید محمود الحق بخاری اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں چیئرمین پاکستان شوگر مل ایسوسی ایشن نے تجویز دی کہ کسانوں کو ریٹ اچھا ملنا چاہیے اور کسانوں کو اچھے پیداواری بیج فراہم کیئے جانے چاہیں۔ اور اضافی چینی برآمد کرنے کی فوری اجازت دی جائے۔ کسانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سید محمود الحق بخاری نے گنے کی فصل پر اٹھنے والے اخراجات بتائے۔ کسان بچاؤ تحریک کے چیئرمین چوہدری یاسین نے گنے کا نرخ 450 روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اجلاس میں محکمہ زراعت کی سفارش 340 روپے فی من پنجاب کین کمشنر ڈیپارٹمنٹ کی سفارش 325 روپے فی من تھی، کسان نمائندوں کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے اضافی چینی برآمد کرے۔

مزیدخبریں