عمران خان کا بیرونی سازش کا جھوٹا بیانیہ عیاں ہو چکا: عطا تارڑ 

Oct 13, 2022


اسلام آباد (خبر نگار) مسلم لیگ ن کے رہنما وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نارکوٹکس کنٹرول عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیرونی سازش کا جھوٹا بیانیہ عیاں ہو چکا ہے۔ خیبر پختونخوا میں خراب حالات کی ذمہ دار صوبائی حکومت اور عمران خان کی پارٹی ہے۔ عمران نیازی نے سیاست کی خاطر ریاست کو دائو پر لگایا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ  وزیراعظم عمران خان جب صبح دفتر آتے تھے تو ان کے سیکرٹری اعظم خان تمام ریکارڈڈ آڈیوز کا باقاعدہ ایک ٹرانسکرپٹ پیش  کرتے۔ جب تحریک عدم اعتمادلائی گئی انہوں نے اپنے ایم این ایز کے فونز ٹیپ کروائے، آج سے چند ماہ پہلے فون ٹیپ اور آڈیو لیکس کے بارے میں سب کا دفاع کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی تمام باتوں کا ریکارڈ ایجنسیوں کے پا س ہونا چاہیے۔ عمران نیازی نے اس سب کو سکیورٹی کے لیے ضروری قرار دیا تھا۔ آج جب آپ کا گھنائونا اور سازشی چہرہ عوام کے سامنے کھل کر آگیا ہے تو آج آپ آڈیو لیکس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔ فارن فنڈنگ کیس وغیرہ کے حوالے سے عارف نقوی نے جو رقوم بھجوائی تھیں وہ رقوم کراچی کے تاجر طارق شفیع کے اکائونٹ میں وہاں سے پی ٹی آئی کے اکائونٹ میں گئیں اورجتنی رقوم بھی باہر سے آئیں ان کا نہ تو منی ٹریل دستیاب ہے نہ ہی اس پیسے کا مقصد اور استعمال موجود ہے۔ 2018ء میں جو پاکستان ہم چھوڑ کر گئے تھے اس میں تو دہشت گردی نہیں تھی، وہ آپریشن ردالفساد ہو، ضرب عضب ہو یا وہ دیگر آپریشنز ہوں جس میں پاک فوج کے جوانوں نے قربانیاں دیں ہم تو حالات بہتر کر کے گئے تھے آج جب خیبر پختونخوا میں حالات بدتر ہوئے ہیں، جب شہباز شریف تھے تو انہوں نے باقاعدہ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بنایا تھا، یہ ڈیپارٹمنٹ آج اپنے فرائض بہترین سرانجام دے رہا ہے۔

مزیدخبریں