اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صدر مملکت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں نہیں تھے اس لیے انہیں سائفر کے شواہد کا علم نہیں۔ ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ صدر نے ویسی ہی بات کی جیسی ان کو کرنی چاہیے تھی، ان کی بھی اور پارٹی کی بھی یہی رائے ہے کہ آرمی کو 100 فیصد نیوٹرل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تیار نہیں تھی، میڈیا کے دبائو پر الیکشن کمشن نے ضمنی اور بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا۔ فواد چوہدری نے کہاکہ تحریک انصاف کو نواز شریف کے پاکستان واپس آنے سے کوئی مسئلہ نہیں، وہ قانونی تقاضے پورے کریں اور واپس آجائیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے مارچ کا اسی ہفتے اعلان ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔ دریں اثناء فواد چودھری نے منی لانڈرنگ کیس پر عدالتی فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ چوبیس ارب کی منی لانڈرنگ شہباز اور حمزہ کے سر پر واری۔ یہ عدالتی نظام اور عوام کے منہ پر ایک اور طمانچہ ہے۔ ایک طرف سیلاب زدگان کیلئے پیسے مانگ رہے ہیں دوسری طرف ایک خاندان اربوں روپے کھا گیا۔