کراچی(این این آئی)شہر قائد میں ایک شہری نے دوران واردات لٹیروں کے اوسان خطا کر دیئے، بڑا اسلحہ دیکھ کر سر پر پیر رکھ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے قریب 2 لٹیروں نے اپنی گاڑی کے پاس کھڑے دو شہریوں کو لوٹنے کی کوشش کی لیکن یہ واردات ان کے لیے خوفناک ثابت ہو گئی۔اس واردات میں دو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ایک سرکاری افسر کو لوٹنے کی کوشش کی تھی، واقعے کی سی سی ٹی وی منظرعام پر آگئی ہے ۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 لٹیرے گاڑی کے قریب آ کر رکے، ایک لٹیرے نے سرکاری افسر سے لوٹ مار شروع کر دی، اور ان کے کوٹ کی جیبوں میں ہاتھ ڈال کر موبائل فون اور رقم تلاش کرنے لگا۔عین اسی دوران سرکاری آفسر کے گن مین نے گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر رکھا اسلحہ نکالا، جسے دیکھ کر لوٹ مار کرنے والا ڈر گیا، جب کہ موٹر سائیکل پر بیٹھا لٹیرا بھی گھبرا گیا۔گن میں کو اسلحہ نکالتے دیکھ کر دونوں لٹیرے گھبراہٹ میں سر پر پیر رکھ کر بھاگ کھڑے ہوئے، موٹر سائیکل سوار کا ہیلمٹ بھی اس افراتفری میں وہیں پر گر گیا۔بھاگتے لٹیروں کو دیکھ کر گن مین نے گاڑی سے نکل کر ان پر فائر بھی مارا، لیکن لٹیرے بھاگ چکے تھے۔پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح سویرے پیش آیا ہے، فوٹیج کی مدد سے لٹیروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
سرکاری افسر لٹ گیا