تلہار : ٹریفک حادثات  کے دوران ایک خاتون  سمیت4افراد زخمی

Oct 13, 2022


تلہار ( نامہ نگار)دومختلف ٹریفک حادثات کے دوران ایک خاتون سمیت4افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ پر ٹنڈو غلام حیدر بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار مسافر وین نے موٹر سائیکل سوارکو ٹکر ماردی، جس کے نتیجے سائیکل سوار پھلاج کوہلی شدید زخمی ہوگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹنڈو غلام حیدر پولیس نے زخمی کو فوری طور پر مقامی اسپتال پہنچایا، جہاں سے طبی امداد کے بعد حیدرآباد روانہ کردیا گیا، جبکہ تلہار میں دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں صالح خاصخیلی اورقادر بخش خاصخیلی سمیت ایک نامعلوم عورت زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گی۔

 انتظامیہ کی غفلت سے پارک 
اجڑ گئے‘ لوگوں نے کچرا گھر بنادیا
سکھر( بیورو رپورٹ)سکھرانتظامیہ کی غفلت سے تفریحی پارک اجڑ گئے ، تفصیلات کے مطابق سکھر میں ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں قائم تفریحی پارک اجڑ رہے ہیں، محمد بن قاسم پارک ، لب مہران اور لطیف پارک سمیت دیگر علاقوں میں خطیر رقم سے ازسرنو تعمیرات و بچوں کے جھولوں سمیت چار دیواری بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے جبکہ تفریحی مقامات پر ناقص انتظامات کے سبب گندگی کے ڈھیربھی انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت پیش کررہے ہیں شہریوں کے مطابق سندھ کے تیسرے بڑے شہر میں لوگوں کو تفریح مہیا کرنے کیلئے بنائے جانے والے تفریحی مقامات کی صورتحال انتہائی خراب ہے جس کے باعث لوگوں نے ان مقامات کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے اور وہ اپنی فیملی کے ہمراہ شہر سے باہر قائم تفریحی مقامات کی طرف جانے پر مجبور ہیں ،انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔

مزیدخبریں