حیدرآباد(بیورو رپورٹ)حیدرآبادصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا ہے کہ سول اسپتال حیدرآباد و جامشورو کی انتظامیہ اور عملہ مریضوں کے شدید دباﺅ کے باوجود احسن طریقے سے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ ڈاکٹرز جو سیلاب متاثرین کے علاج معالجے میں اپنابھرپور کردار ادا کر رہے ہیں یہ کسی نعمت سے کم نہیں۔وہ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد اور جامشورو کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالحفیظ ابڑو، ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو، اے ایم ایس جنرل ٹو ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، ڈائریکٹر آئی سی یو ڈاکٹر کاشف میمن، اے ایم ایس جامشورو ڈاکٹر غلام قادر دل اور دیگر افسران موجو د تھے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا کہ چند شرپسند عناصر کی جانب سے کسی قسم کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کریں گے ، جس صورتحال میں اسپتال انتظامیہ مریضوں کی بے لوث خدمت کررہی ہے وہ قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے اسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کااظہار کیا۔ علاوہ ازیں لیاقت یونیورسٹی اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر صحت کو مریضوں کو اسپتال میں دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ سول اسپتال حیدرآباد کی او پی ڈی میں روزانہ کی بنیاد پر 15ہزار کے قریب مریض اپنا طبی معائنہ کیلئے آتے ہیں جن میں بڑی تعداد سیلاب متاثرین کی بھی شامل ہے جن کا تعلق حیدرآباد سمیت سندھ کے 15 اضلاع سے ہے۔ اس کے علاوہ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو پتھالوجی ٹیسٹ، ادویات اور خوراک کی مفت سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہے۔