علامہ اقبال کی روحانی‘ مجازی‘ تصوف‘ صوفی ازم اور عشق حقیقی کے علاوہ انکی شاعری پر کئی تصانیف اور مقالہ جات لکھے جا چکے ہیں۔ لیکن ع۔م چودھری کی یہ کاوش نہ صرف منفرد نظر آتی ہے بلکہ قابل داد بھی ہے جس میں انہوں نے اقبال کی شخصیت کا ایسا راز افشا کیا ہے جس سے شاید ہی قارئین آگاہ ہوں۔ علامہ اقبال نے اپنے تمام فلسفے‘ تصوف کو رسولؐ کے قدموں میں ایک متاعِ حقیر کی طرح نذر کردیا ہے۔ اقبال کے روحانی پہلوئوں کے حوالے سے ’’اقبال بعداز وصال‘‘ علامہ اقبال کے چاہنے والوں کیلئے ایک بہترین تحفہ ہے۔ اس کتاب میں مصنف نے علامہ اقبال سے منسوب ان تمام واقعات کا اعادہ کیا ہے جنہیں پڑھ کر قاری پر اقبال کی چھپی روحانیت آشکار ہوتی ہے۔ ع۔م چودھری نے اقبال کی روحانیت کے حوالے سے ان تمام واقعات کو یکجا کرکے اقبال سے اپنی محبت اور عقیدت کا عملی ثبوت دیا ہے اور یہ کتاب مصنف کی حقیقی بصیرت کا مظہر بھی نظر آتی ہے۔ اقبالیات کے طالب علموں کیلئے یہ کتاب نہایت ہی کارآمد ہے۔ کتاب 6 ابواب پر مشتمل ہے جس میں اقبال قبل از وصال اور بعداز وصال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ ع۔م چودھری کا اسلوبِ تحریر انتہائی متاثر کن ہے جس سے انکی روحانی شخصیت ہونے کا عندیہ ملتا ہے کیونکہ روحانیت کے پہلوئوں کو اجاگر کرنے کا کارنامہ روحانی شخصیت ہی سرانجام دے سکتی ہے۔ 336 صفحات پر مشتمل خوبصورت اور نادر کتاب قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل‘ بنک سٹاپ والٹن روڈ لاہور کینٹ نے شائع کی ہے۔ ماہ ربیع الاول میں عاشقانِ رسول یہ تحفہ حاصل کر سکتے ہیں۔ رابطہ فون: 0300-0515101 ۔ (تبصرہ: ڈاکٹر سلیم اختر)