سپیکر قومی اسمبلی سے وزیر توانائی‘ جاپانی سفیر ملاقات‘ دلچسپی کے امور پر گفتگو

Oct 13, 2022


اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے وفاقی وزیر وانائی خرم دستگیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال اور گوجر خان میں عوام کو توانائی کے حوالے سے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے وزارت توانائی  کی جانب سے ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ بعدازاں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز مشرف کی صدارت میں پنجاب یونیورسٹی کے گوجر خان کیمپس کے حوالے سے جائزہ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اور ہائر ایجوکیشن کمشن (ایچ ای سی) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی سے جاپان کے سفیر متسوہیرو واڈا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر  قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان  میں سیلاب متاثرین کی فراخدلانہ امداد پر جاپان کے مشکور ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں جاپانی سفیر کو  آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ سپیکر نے جاپان کے ایوان نمائندگان کے سپیکر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ سفیر نے حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان عالمی موسمیاتی فنڈ کے قیام کیلئے پاکستان کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔

مزیدخبریں