محکمہ آبپاشی کی تنصیبات کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، امتیاز شیخ


کراچی (این این آئی)وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی صدارت حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (حیسکو)اور سکھر الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (سیپکو)کے حکام کے ساتھ ایک اعلی سطح اجلاس بدھ کے روز محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیر توانائی نے حیسکو، سیپکو حکام کو ہدایات دیں کہ محکم آب پاشی کی تنصیبات/ پمپنگ اسٹیشنوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ کیا جائے اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں سختی سے ہدایت کی گئی کہ ٹرانسفارمر جلنے یا خراب ہوجانے کی صورت میں حیسکو، سیپکو حکام خود فوری طور پر ٹرانسفارمر تبدیل یا مرمت کریں اور صارفین کو کسی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیں۔ اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ ڈرینج اور اسکارپ فیڈرز کو بہتر بنایا جائے اور خیر پور ناتھن شاہ گرڈ جسے حالیہ سیلاب میں نقصان پہنچا تھا اور جس کی مرمت کردی گئی ہے اس گرڈ کو مزید بہتر بنایا جائے ۔اجلاس میں افسران کی جانب سے حیسکو اور سیپکو کے ایریا میں مختلف اسکیموں بشمول ولیج الیکٹریفیکیشن پروگرام کے بارے میں بریفنگ پیش کی گئی۔اس موقع پر وزیر توانائی امتیاز شیخ نے اجلاس میں موجود افسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے جہاں نئے ٹرانسفارمرز کی ضرورت ہے وہاں نئے ٹرانسفارمر لگائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دیہی علاقوں میں محکم آب پاشی کی تنصیبات بالخصوص پمپنگ اسٹیشنوں کو ہمہ وقت فعال رکھنے کے لئے بہتر کارکردگی والے ٹرانسفارمر لگائے جائیں اور ایسے مقامات کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنی قرار دیا جائے تاکہ پمپنگ اسٹیشن بلاتعطل فعال رہ سکیں ۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ٹرانسفارمر جلنے یا خراب ہونے کی صورت میں کئی کئی دن بجلی فراہمی معطل رہنے کی شکایات کے تیز تر ازالے کے لئے ٹرانسفارمر کم ترین وقت میں تبدیل کئے جائیں۔ اجلاس میں سیکریٹری توانائی سندھ ابوبکر مدنی، چیئرمین حیسکو بورڈ جمیل گل شیخ، چیئرمین سیپکو بورڈ آغا لال بخش خان، چیف ایگزیکیٹیو آفیسر حیسکومحمد خان سوہو، چیف ایگزیکیٹیو آفیسر سیپکو سعید احمد داوچ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی

ای پیپر دی نیشن