فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) محکمہ زراعت (توسیع) حکومت پنجاب کی طرف سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی پروگرام کے تحت گندم کے کاشتکاروں سے نمائشی پلاٹوں کی کاشت کیلئے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔ نہری علاقوں میں 5 سے 12.5 ایکڑ تک قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد اور خواتین درخواست دینے کے اہل ہیں۔ حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ایکڑ پلاٹ کے اخراجات 11 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق پلاٹ کاشت کرنے کے پابند ہوں گے۔ نمائشی پلاٹ کیلئے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں۔اس سکیم میں حصہ لینے کے خواہشمند کاشتکار درخواست فارم اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) یا زراعت آفیسر(توسیع) کے مقامی دفاتر سے مفت حاصل کرسکتے ہیں۔ درخواستیں20 اکتوبر 2022 تک وصول کی جائیں گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری خالد محمود نے ڈیرہ محمد ایوب چک نمبر 535 گ ب میں یوم کاشتکاران کے موقع پر کاشت کاروں سے خطاب میں کہا کہ کسان اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔